پیر 24 فروری 2025 - 18:46
سید حسن نصراللہ کے جنازے میں حوزوی وفد کا پرتپاک استقبال

حوزہ/ بیروت میں حزب اللہ کے شہید رہنما سید حسن نصراللہ کی تشییع جنازہ میں شرکت کے لیے حوزہ علمیہ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد لبنان پہنچا، جہاں عوام اور حزب اللہ کے رہنماؤں نے ان کا بھرپور خیرمقدم کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کے مواصلاتی اور بین الاقوامی امور کے سربراہ، حجت الاسلام والمسلمین حسینی کوہساری نے حوزہ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وفد کی شرکت شہید سید حسن نصراللہ کی علمی حیثیت، اسلامی دنیا میں ان کے مقام، شیعہ برادری اور خاص طور پر مزاحمتی محاذ میں ان کے اہم کردار کے پیش نظر عمل میں آئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حوزہ علمیہ قم و نجف کے مراجع کرام اور اسلامی دنیا کے دیگر حوزوی علما نے شہید نصراللہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ مختلف بیانات میں ان کے علمی مقام کو اجاگر کیا گیا، بعض مراجع نے انہیں "علامہ" کے لقب سے یاد کیا۔ اسی بنا پر مرجعیت، حوزہ علمیہ کے اعلیٰ حکام، اساتذہ اور مراجع عظام کے دفاتر کے مشورے سے ایک اعلیٰ سطحی وفد، ان کی تشییع جنازہ میں شرکت کے لیے روانہ کیا گیا۔

وفد میں جامعہ مدرسین، حوزہ علمیہ کے اعلیٰ مشاورتی کونسل کے اراکین، برادران و خواتین کے حوزہ ہائے علمیہ کے مرکزِ مدیریت کے نمائندے شامل تھے، جنہیں حزب اللہ لبنان کے رہنماؤں اور عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی۔

حجت الاسلام والمسلمین حسینی کوہساری کے مطابق لبنانی عوام نے شیعہ علما، بالخصوص حوزہ علمیہ قم کے اس اقدام کو بے حد سراہا اور اس مشکل گھڑی میں ان کی موجودگی کو اظہارِ یکجہتی کی علامت قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ اور لبنانی عوام نے ان طلبہ اور حوزوی وفود کا بھی خاص طور پر شکریہ ادا کیا، جو میدانِ عمل میں مجاہدین کے ساتھ رہے اور امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ رہبر معظم انقلاب نے شہید نصراللہ کو ایک "مکتب" قرار دیا ہے اور اسی تناظر میں حوزہ علمیہ مختلف فکری و تربیتی نشستوں، تبلیغی و ثقافتی پروگراموں کے ذریعے اس "مکتبِ نصراللہ" کو ہمیشہ زندہ رکھے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha